سابق آئی جی جیل خانہ جات نے اپنی حراست کی تردید کردی

سابق آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ گھر پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ گرفتاری کی اطلاعات کے بعد منظر عام پر آ گئے ہیں۔ ان کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں وہ ٹی وی پر اپنی گرفتاری کی خبر دیکھتے ہوئے چائے نوش کر رہے ہیں اور اس دوران کہتے ہیں کہ میں اپنے ہی گھر میں اپنی گرفتاری کی خبر چائے کی چسکی لیتے ہوئے سن رہا ہوں، اسے زرد صحافت کہتے ہیں۔انہوں نے حساس اداروں کی جانب سے حراست میں لیے جانے کی تردید کی اور کہا کہ میں اپنے گھر پر موجود ہوں، ابھی زیادہ بات نہیں کرسکتا۔ تاہم دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق مرزا شاہد سلیم بیگ کو واقعی حساس اداروں کی جانب سے حراست میں لیا گیا تھا۔
حساس اداروں نے 2 دن تک ان سے پوچھ گچھ کی جس کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی۔ مرزا شاہد سلیم بیگ کے گھر کے ملازمین کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ سابق آئی جی جیل خانہ جات کا 2 روز تک کچھ پتہ نہیں تھا، ان کا موبائل فون بھی بند تھا۔واضح رہے کہ شاہد سلیم بیگ پانچ سال آئی جی جیل خانہ جات رہے اور وہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی حراست سے قبل عہدے سے سبکدوش ہوچکے تھے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ حساس اداروں نے بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کے معاملے میں اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظفراور ڈی آئی جی جیل راولپنڈی کے دفتر سے بھی ایک آفس سپرنٹنڈنٹ ناظم علی شاہ سے پوچھ گچھ شروع کی اور سابق آئی جی جیل خانہ جات کو بھی اسی سلسلے میں حراست میں لیا تھا۔ یاد رہے کہ عمران خان کی اڈیالہ جیل میں مبینہ سہولت کاری کے الزام میں سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم بھی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔